سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے 2024 کے جنرل الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے نئے عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ 2024 کے عام انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہیں، ملک میں دوبارہ فوری اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنرشپ سے متعلق جو بات کی گئی وہ سراسر جھوٹ ہے یہ ہماری توہین ہے، میں مطالبہ کروں گا تو گورنرشپ کا نہیں وزیر اعظم کے عہدے کا کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کا کالعدم ٹی ٹی پی اور کسی تنظیم سے کوئی رابطہ نہیں، دہشتگردی کے خلاف ہماری جماعت کی قربانیاں ہیں، ہماری جماعت، عہدیداران، علما اور مدارس بھی غیر محفوظ ہیں، میری زندگی اور میرے مدارس اب غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں نظام کو کمزور کرنے کی ترمیم ہم نے واپس کی تھی، 27ویں آئینی ترمیم میں ارکان کو خرید کر وہی ترامیم منظور کروائی گئیں، معیشت کمزور ہے اور حکومتی اقدامات کا عوام پر کوئی اثر نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب آپ قتل کر چکے ہیں تو کس چیز پر مذاکرات کریں گے؟ پی ٹی آئی حکومت آپریشن کے معاملے میں کہاں رکاوٹ بن رہی تھی؟





