امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں حالیہ احتجاج، ہنگاموں اور لوٹ مار کا ذمہ دار تارکینِ وطن کو قرار دیتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون پر تنقید کی ہے اور دعویٰ کیا کہ پیرس بہت جلد ایک ’مسلم شہر‘ بن جائے گا اور میکرون کو فرانس کی سرحدیں بند کرنے کا مشورہ دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی اور دیگر بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں جاری بدامنی کا تعلق امیگریشن سے ہے، نہ کہ اسکولوں یا دیگر مسائل سے۔ ان کے بقول، انہوں نے میکرون کو پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ دنیا بھر سے لوگوں کو فرانس آنے کی اجازت دینا ایک بڑی غلطی ہے۔





