Roze News

سعودی عرب پر حوثیوں کے تازہ حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

لندن:یمن کے حوثیوں کی جانب سے فوجی تربیتی کیمپ پر حملے اور سعودی عرب کی توانائی، ہوائی اڈوں اور فوجی تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنائے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 17 سینٹ، یعنی 0.15 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 110.03 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔اس سے قبل کاروباری سیشن کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے کے باعث برینٹ کی قیمت میں 3 ڈالر سے زیادہ کمی ہوئی تھی۔

دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.68 ڈالر، یعنی 1.66 فیصد بڑھ کر 103.09 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔واضح رہے کہ حوثیوں نے پیر کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعودی عرب میں توانائی، ہوائی اڈوں اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ینبع میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ایک تنصیب، شیبہ آئل فیلڈ، ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ شامل ہیں۔سعودی حکام نے فوری طور پر ان حملوں کے دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔