لاہور میں تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا، اسلام آباد میں موسم گرم اور قدرے دھندلا رہنے جبکہ کراچی میں گرم و مرطوب موسم کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح کا آغاز ہلکی دھوپ سے ہوا، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے،شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
لاہور میں اس وقت ہواؤں کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو 14 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے،شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور قدرے دھندلا رہنے کی توقع ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔
ادھر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گرمی کی شدت 31 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ دن کے دوران ہواؤں کی رفتار 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے،شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے 10 سے 14 اکتوبر تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے،10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 ،11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی سیف انور جپہ نے بتایا کہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔
ڈی جی سیف انور نے بتایا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔
ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں،آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انھوں نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔
سیف انور جپہ نے بتایا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Leave feedback about this