اسلام آباد:محکمہ موسمیات نےملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں ،گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی اور گلیات میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ پاراچنار، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی آئندہ 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، تونسہ شریف اور جھنگ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بالائی سندھ میں لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، سکھر، دادو اور قمبر شہدادکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔مری کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش اور ژالہ باری کے باعث مری کا موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
سفر کرنے والے افراد کو ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق تیز بارش کے دوران ڈرائیورز رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔شہریوں اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہا جاسکے۔

Leave feedback about this