پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خوفناک پھیلاؤ کا انکشاف ہوا ہے،ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کےڈائریکٹرڈاکٹرضیا داوڑ نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کردیا گیا ہے،جس کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کی اسکریننگ کی جائے گی۔
ڈاکٹرضیا داوڑ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 16 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائےگی، اسلام آباد میں تقریباً 17 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی،تمام وفاقی ملازمین کے بھی ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
انہوں نےبتایا کہ پروگرام کےتین مراحل میں اسکریننگ، ٹیسٹنگ اورعلاج شامل ہیں،تشخیص اور علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرےگی،فی مریض اسکریننگ اورٹیسٹنگ پرساڑھے 7 ہزار روپے تک، علاج پر تقریباً 64 ہزار روپے خرچ کا تخمینہ ہے۔
ڈاکٹر ضیا داوڑ نےکہا کہ ایئرپورٹس پر بھی تمام مسافروں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی،جبکہ 18 سرکاری اسپتالوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولت فراہم کردی گئی ہے،ٹیسٹ نہ کرانے والے وفاقی ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔

Leave feedback about this