موسم

گرمی یا بارش؟ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

گرمی یا بارش؟ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے نئی پیشگوئی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق آئندہ دنوں میں بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً ٹھنڈا رہنے جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے رواں ماہ سندھ کے بعض علاقوں میں ممکنہ ہیٹ ویو کے خدشے سے بھی آگاہ کردیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مقدس ماہِ رمضان کا ڈیڑھ عشرہ بارش کے بغیر گزر چکا ہے، جس کے باعث درجۂ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت آئندہ دنوں میں مزید بڑھ سکتی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بادل چھانے اور موسم قدرے خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران میدانی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے کے آغاز پر مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے جو وہاں موسم پر اثر انداز ہو سکتا ہے اور بعض مقامات پر بادل بھی چھا سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے پیش نظر سندھ میں ممکنہ ہیٹ ویو کا انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ عرفان ورک کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرچکا ہے، جبکہ اگر بعض مقامات پر درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تو ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ادھر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں درجۂ حرارت میں اضافے کی صورت میں برفانی جھیلوں کے پھٹنے (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ) کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، جس سے مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image