سونے کی قیمت میں تاریخی اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 86 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا
پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 3 سو روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 486,162 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح دس گرام سونے کے بھاؤ میں 3,687 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 416,805 روپے تک پہنچ گیا۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے اور چاندی کی قیمتیں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں اضافے کے رجحان کے ساتھ تاریخی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی 500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 9,575 روپے تک جا پہنچی۔
عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت میں 43 ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ 4,638 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی کشیدگی، بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کی مضبوطی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
صارفین اور سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ سونے کی خرید و فروخت کے وقت مارکیٹ کی تازہ ترین صورتحال کو مدنظر رکھیں، کیونکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ مستقبل قریب میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

Leave feedback about this