آسٹریلوی وزیرِ اعظم سڈنی کے بونڈی بیچ پر فائرنگ کے دوران حملہ آور پر قابو پانے والے مسلمان شہری احمد ال احمد کی عیادت کےلیے اسپتال پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم نے احمد کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ملک کے عوام کی طرف سے بھی احمد کا شکریہ پیش کیا۔
40 سالہ احمد ال احمد واقعے کے دوران اپنے بایاں بازو زخمی ہونے کے باوجود حملہ آور پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ ان کے کندھے میں ایک گولی تاحال پھنس گئی ہے اور زیادہ خون بہنے کے باعث ان کا بایاں بازو ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حملہ آور سے بندوق چھیننے کے دوران احمد کو متعدد گولیاں لگی تھیں۔
دوسری جانب، بونڈی بیچ حملے کے زخمی حملہ آور نوید اکرم ہوش میں آ گیا ہے اور پولیس سے بات بھی کر چکا ہے۔
دو روز قبل ہونے والے اس حملے میں 2 افراد نے یہودی تہوار کے ہزاروں شرکاء پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Leave feedback about this