راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس سروس معطل، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین کا احتجاج، مسافر شدید پریشان
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس ملازمین کے احتجاج کے باعث معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال شروع کر دی، جس کے نتیجے میں بس سروس مکمل طور پر بند ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق، ملازمین نے احتجاج کے دوران میٹرو بس کے کاؤنٹرز بھی بند کر دیے، جس سے ٹکٹوں کی فروخت رک گئی اور مسافر بسوں سے محروم ہو گئے۔ مختلف میٹرو بس اسٹیشنز پر مسافروں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر جانے والے شہری شدید پریشانی میں مبتلا نظر آئے۔
جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس روزانہ ہزاروں شہریوں کے لیے سستی اور تیز سفری سہولت کا ذریعہ ہے، تاہم سروس کی معطلی سے شہریوں کو متبادل ٹرانسپورٹ کا سہارا لینا پڑ رہا ہے جس کے باعث سڑکوں پر رش اور کرایوں میں اضافے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں کئی عرصے سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب، انتظامیہ کی جانب سے تاحال سروس بحال کرنے یا ملازمین کے مطالبات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کو فوری طور پر حل کر کے میٹرو بس سروس بحال کی جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Leave feedback about this