Roze News

پولیس کی مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری اور ہاؤس اریسٹ کی تردید، سی سی پی او لاہور عدالت طلب

مولانا فضل الرحمٰن

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں پولیس نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی گرفتاری اور ہاؤس اریسٹ کر تردید کر دی، تاہم عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں عدالت بھی طلب کر لیا۔جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مولانا فضل الرحمٰن کی بازیابی کے لیے مقامی وکیل ابرار حسین کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے جواب جمع کروایا۔وکیل درخواست گزار ابرار حسین نے موقف دیا کہ مولانا فضل الرحمان کو 24 نومبر کو نظر بند کیا گیا، ہم نے بیان حلفی بھی دیا لیکن پولیس نے بس ایک رپورٹ جمع کروا دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ چلیں آپ کے سامنے سی سی پی او لاہور کو بلوا کر پوچھ لیتے ہیں، سی سی پی او لاہور کا بیان بھی آجائے۔عدالت نے کاوروائی دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دی۔قبل ازیں، پولیس نے جمع کروائے گئے جواب میں بتایا تھا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتار نہیں کیا اور نا ہمیں مطلوب ہے، ہم نے مولانا فضل الرحمٰن کو ہاؤس اریسٹ بھی نہیں کیا۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ کل مولانا فضل الرحمٰن کسی کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تعزیت پر جانے کا آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی ویڈیوز اور تصاویز ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ وہ ویڈیوز اور تصاویر منگوا لیں۔ ہائیکورٹ نے سماعت کچھ دیر تک کے لیے ملتوی کر دی تھی۔