کے پی ٹی پر درآمدی گندم کاایک اور جہازپہنچ گیاجس کے بعد سندھ میں آٹے کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔سندھ کے لیے 54 ہزار 821 ٹن درآمدی گندم لے کر ایک اور بحری جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا، رومانیہ سے آنے والا جہاز ایم وی یانگ ژی الفا کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر برتھ ہو گیا ،درآمدی گندم کی جہاز سے اَن لوڈنگ جلد شروع کی جائے گی۔ سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم اٹھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جب کہ فلور ملز کو بھی پورٹ سے براہ راست درآمدی گندم اٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
کراچی کی تمام فلور ملز کو درآمدی گندم کی 5 ہزار بوریاں فراہم کی جائیں گی، محکمہ خوراک سندھ نے درآمدی گندم کے آٹے کا ایکس مل نرخ 138 روپے فی کلو مقرر کیا ہے اور فلور ملز کو سرکاری گندم کا آٹا مقررہ نرخ پر فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 54 ہزار 821 ٹن گندم کی آمد سے سندھ میں سرکاری گندم کی فراہمی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،درآمدی گندم کی ترسیل اور آٹے کی فروخت کے لیے محکمہ خوراک سندھ کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔





