محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے،کچا جیل روڈ، ٹاؤن شپ اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں بارش کے بعد بھی حبس برقرارہے اورموجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری جبکہ محسوس 46 ڈگری کیا جا رہا ہے
شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 30 ڈگری رہنے کا امکان ہے،شہر میں دن بھر بارش کے 20 فیصد امکانات موجودہیں،ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈکی گئی ہے جبکہ نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ،کشمیراور بالائی کے پی کے میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی ،گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گااور بعض مقامات پر بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج دن بھر مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ شام کے اوقات میں بارش ہو گی،وفاقی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں معمول کی نسبت 4 ڈگری کمی ریکارڈکی گئی ہے،صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں دن بھر 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہے گا ،تاہم رات کے اوقات میں بونداباندی ہو سکتی ہے،کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے،دن بھر شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور موسم مرطوب رہنے کے ساتھ رات کے اوقات میں بونداباندی کا امکان ہے،آج شہرکراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائدمیں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے ،اس وقت جنوب مغرب سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

Leave feedback about this