پینٹاگون نے امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں اور زخمیوں کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک اور 624 زخمی ہو چکے ہیں۔
پینٹاگون نے ہفتے کے روز جنگی نقصانات کے اپنے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید 140 سے زائد زخمی فوجیوں کا اندراج کیا ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 فوجیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم میں ایک نئی کیٹیگری ’اوورسیز آپریشنز‘ کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 7 جولائی سے بیرون ملک کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
اس نئی کیٹیگری کے اعداد و شمار کو آپریشن ایپک فیوری کے تازہ ڈیٹا کے ساتھ یکجا کیا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں اب تک کل 18 امریکی فوجی ہلاک اور 624 زخمی ہو چکے ہیں، جو اس سے قبل کی بتائی جانے والی تعداد 482 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والے 18 فوجیوں میں 11 کا تعلق آرمی، 6 کا تعلق ایئرفورس اور ایک کا تعلق نیوی سے ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں سے 461 کا تعلق آرمی، 86 کا تعلق نیوی، 19 کا تعلق میرینز اور 58 کا تعلق ایئرفورس سے ہے۔
گزشتہ ہفتے میڈیا اداروں اور قانون سازوں نے پینٹاگون کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب ایرانی حملوں کے تسلسل کے باوجود ڈیٹا بیس میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کم دکھائی گئی تھی۔
نئی متعارف کرائی گئی کیٹیگری میں 7 جولائی کے بعد کے نقصانات شامل کیے گئے ہیں، جن میں اردن میں ایرانی حملے کے نتیجے میں مارے جانے والے 3 امریکی فوجی اور گزشتہ ہفتے شمالی عراق میں ایرانی ڈرون ناکارہ بنانے کے دوران ہلاک ہونے والا ایک فوجی بھی شامل ہے۔

Leave feedback about this