پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث کئی مقامات پر بارش کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ وسطی اور بالائی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ہمراہ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم خضدار، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھی جائے۔

Leave feedback about this