اسلام آباد میں شام اور رات کے وقت بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ کراچی میں جزوی ابر آلود موسم اور چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔
ملک بھر میں بارشوں کا نیا اور طاقتور سلسلہ آج سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام اور رات کے اوقات میں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں آج صبح درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 42 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں دن کے وقت بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
ادھر کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ شہر میں جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں فضائی معیار تسلی بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار محفوظ حد سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

Leave feedback about this