پاکستان تازہ ترین موسم

بارش کے منتظر عوام کیلئے خوشخبری، تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

بارش کے منتظر عوام کیلئے خوشخبری، تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

شدید گرمی کے بعد بادلوں کی انٹری، متعدد شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع، محکمہ موسمیات کی تفصیلی پیشگوئی جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم جنوبی پنجاب، جنوبی بلوچستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ دوپہر کے بعد بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے ساتھ گرج چمک والی بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کالام، پاڑاچنار، وزیرستان اور سوات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی صورتحال میں اچانک تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، جہلم، قصور، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں دوپہر کے بعد تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بارش گرمی کی شدت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ اور دادو میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بارکھان، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد اور خضدار سمیت شمالی اور مغربی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کے قریب رہنے سے احتراز کیا جائے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، جس سے عوام کو جاری شدید موسم سے وقتی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image