چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے، حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے اب تک سامنے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں “تیر کی بارش” ہو رہی ہے اور پیپلزپارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہی ہے اور حکومت بنانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے 24 میں سے 12 حلقوں کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی 7 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ 3 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور مجلس وحدت مسلمین نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے جی بی اے 4، 5، 7، 9، 10، 11 اور 19 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے جی بی اے 22 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین جی بی اے 8 سے کامیاب ہوئی۔ اسی طرح جی بی اے 3، 23 اور 24 میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ابتدائی نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی مضبوط پوزیشن میں ہے، تاہم حتمی نتائج اور آزاد امیدواروں کی حمایت حکومت سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

Leave feedback about this