محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے بدلتے ہوئے تیور سے آگاہ کرتے ہوئے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس ملک کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کا راج برقرار رہا۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، کشمیر، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر اور کالام میں 13 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ پاراچنار میں 8، لوئر دیر میں 7 اور ڈیرہ غازی خان میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ، قلات، ژوب، گوپس اور استور میں بھی ہلکی بارش نوٹ کی گئی۔
دوسری جانب ملک کے کئی میدانی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہی، جہاں بہاولپور، خیرپور، دادو اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Leave feedback about this