ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے، اور رمضان میں موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
لاہور، راولپنڈی، میانوالی، سرگودھا، مریدکے، پنڈی بھٹیاں، تلہ گنگ، لالہ موسی، کھاریاں، خانقاہ ڈوگراں، گوجرانوالہ، نارووال، نوشہرہ ورکاں، شکرگڑھ، نورکوٹ، کرتارپور اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ اٹک شہر اور گردونواح میں ژالہ باری کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی دیکھنے کو ملی۔
ان شہروں کے علاوہ کندیاں، پھالیہ، چشمہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ پنڈ دادنخان، بھلوال اور دیگر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی۔ مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری نے سردی پھر سے لوٹا دی۔
لاہور میں بارش کے بعد واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور نکاسی آب کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک کی گئی ہیں۔ ڈی سی لاہور کی ہدایت پر تمام ڈسپوزل سٹیشنز مکمل فعال ہیں اور مشینری آپریشنل ہے۔ شہر کی تمام مرکزی شاہراہیں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقے ٹریفک کے لیے کلیئر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

Leave feedback about this