پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت اور قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافے کے بعد عوام کے لیے امید کی کرن نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ پورٹ قاسم پر پیٹرول سے بھرے جہازوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے ملک میں سپلائی چین میں بہتری کی توقع پیدا ہوئی ہے۔
سیکیورٹی اور پورٹ ذرائع کے مطابق، گیس آئل بردار جہاز ایم ٹی ٹورم دامینی فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا، جبکہ ایم ٹی ناوے ایٹروپوس 50 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ پورٹ قاسم پہنچ چکا ہے۔
مزید برآں، ایم ٹی اسپروس 2 55 ہزار ٹن پیٹرول کے ساتھ آج جبکہ ایم ٹی سی کلپر 34 ہزار ٹن پیٹرول کے ساتھ کل (11 مارچ) دوپہر 12 بجے پہنچنے والا ہے۔ ترجمان پورٹ قاسم کا کہنا ہے کہ فجیرہ سے آنے والا جہاز پورٹ پر پہنچ چکا ہے اور مزید جہازوں کی آمد متوقع ہے، جس سے پیٹرول کی فراہمی میں تسلسل قائم رہ سکے گا۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ جہازوں کی آمد سے نہ صرف سپلائی چین میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث قیمتوں پر دباؤ بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت اس بحران کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر جہازوں کی بروقت آمد سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام آنے کے امکانات روشن ہیں۔

Leave feedback about this