پاکستان تازہ ترین

سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرین سروس دوبارہ بند

سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرین سروس دوبارہ بند

کوئٹہ: بلوچستان میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور چھ روز بعد بحال ہونے والی ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے۔

بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے جب کہ اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف علاقوں میں گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل کارروائی کی جا سکے۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس معطل ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ٹرین آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ صوبے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔

.
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سمیت سیکیورٹی اداروں نے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے دوران درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور شہری بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی نقل و حرکت جاری رکھ سکتے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل قابو پانے کے لیے ہائی الرٹ اور حفاظتی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹرین سروس 5 روز کی معطلی کے بعد بحال کی گئی تھی۔ 31 جنوری کو صوبے بھر میں متعدد مقامات پر دہشت گرد حملوں کے باعث ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا تھا اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے کوئٹہ سے اندرون صوبے اور دیگر صوبوں تک چلنے والی تمام ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image