پاکستان تازہ ترین

مال بردار ٹرین پر راکٹ حملہ، انجن تباہ، پل بھی اڑا دیا گیا

مال بردار ٹرین پر راکٹ حملہ، انجن تباہ، پل بھی اڑا دیا گیا

نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی چیلنجز نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے احمدوال ریلوے سٹیشن پر کھڑی مال بردار ٹرین کو راکٹ سے نشانہ بنایا جس سے ٹرین کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس اور ریلوے ذرائع کے مطابق حملہ گزشتہ رات اس وقت ہوا، جب ٹرین گزشتہ پانچ روز سے اسی اسٹیشن پر کھڑی تھی۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ راکٹ لگنے سے انجن مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا تھا، اب ٹرین کو لے جانے کے لیے دوسرا انجن بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم متبادل انجن ابھی تک نہیں آیا۔ خوش قسمتی سے حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم ریلوے ٹریک اور سامان کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

احمدوال ریلوے اسٹیشن نوشکی اور آس پاس کے علاقوں کے لیے ایک اہم لاجسٹک پوائنٹ ہے، جہاں سے سامان کی نقل و حمل کی جاتی ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہے۔

اسی علاقے میں نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ پر گلنگور کے مقام پر ایک اہم پل کو بھی دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا جس سے پل کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پل کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ پل نوشکی اور دیگر اضلاع کو ملانے والا ایک اہم راستہ ہے اور اس کی تباہی سے آمدورفت میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے فوری بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے احمدوال اور آس پاس کے علاقوں میں گشت بڑھا دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یہ واقعات بلوچستان میں ریلوے اور شاہراہوں کو مسلسل لاحق خطرات کو اجاگر کرتے ہیں، جہاں گزشتہ چند مہینوں میں متعدد حملوں نے نقل و حمل کا نظام درہم برہم کر دیا ہے، جس سے مسافروں اور تاجروں میں یہ خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ اس طرح کی کارروائیوں سے سامان کی ترسیل اور روزمرہ کی زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔

سیکورٹی فورسز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور مرمت کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ تاہم علاقے میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image