پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کر دی ہے کہ جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کا دورہ پاکستان ہوگا، جس کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری کو ہوگا، جس کے بعد دوسرے اور تیسرے میچ کی تاریخیں بالترتیب 31 جنوری اور 1 فروری رکھی گئی ہیں۔ تمام میچز میں ٹاس شام 5:30 بجے ہوگا جبکہ میچ کا آغاز شام 6 بجے ہوگا۔
آسٹریلوی ٹی 20 اسکواڈ بدھ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا، جس کے بعد ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز اور تیاریوں میں مصروف ہوں گی۔
یہ سیریز آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تصور کی جا رہی ہے، کیونکہ پاکستان ورلڈ کپ کے گروپ اے اور آسٹریلیا گروپ بی میں شامل ہے۔ کرکٹرز کے فارم اور ٹیم کی حکمت عملی کے لیے یہ میچز اہم ٹیسٹ کا درجہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ آسٹریلیا کا مارچ 2022 کے بعد پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ سیریز، تین ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔
پی سی بی نے کرکٹ شائقین کو متنبہ کیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں داخلے اور ٹکٹ کے سلسلے میں جلد ہی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی، تاکہ شائقین بروقت ٹکٹ حاصل کر سکیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا لطف اٹھا سکیں۔
اس سیریز کو ملک میں کرکٹ کے جذبے کو بڑھانے اور شائقین کے لیے تفریح کا بہترین موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this