غیر معمولی موسمی تبدیلی کا آغاز، مختلف علاقوں میں برفباری اور بارش متوقع لاہور میں تاریخی برفباری کے امکانات، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شدید سرد موسم کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصے ایک طاقتور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زی اثر رہیں گے، جس کے باعث درجۂ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
بلوچستان کے ساحلی اور جنوبی علاقوں جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید سردی اور برفباری کے امکانات سے خبردار کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 16 سے 18 جنوری کے دوران ایک ملک گیر مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری علاقوں میں بھی برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت انتہائی سطح تک گرنے کا خدشہ ہے۔
موسمیاتی ماڈلز کے مطابق لاہور شہر میں بھی برفباری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ایک غیر معمولی اور حیران کن صورتحال ہو گی۔ ماہرین کے مطابق لاہور میں اس نوعیت کی برفباری 1878 کے بعد دوبارہ رونما ہو سکتی ہے۔
پشاور میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جبکہ 23 سے 25 جنوری کے درمیان شہر اور گردونواح میں باقاعدہ برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی انتہائی سرد موسم کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 21 سے 23 جنوری کے دوران صوبے بھر میں 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شدید سرد اور برفیلی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرد موسم کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے

Leave feedback about this