پاکستان

سوشل میڈیا پر عدم برداشت ختم کرنے کے لیے آگاہی سیمینار، پرتشدد انتہاپسندی کے ڈیجیٹل پھیلاؤ پر سنجیدہ گفتگو

سوشل میڈیا پر عدم برداشت ختم کرنے کے لیے آگاہی سیمینار، پرتشدد انتہاپسندی کے ڈیجیٹل پھیلاؤ پر سنجیدہ گفتگو

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سیل برائے انسداد پرتشدد انتہاپسندی (CVE) کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدم برداشت اور پرتشدد انتہاپسندی کے ڈیجیٹل پھیلاؤ کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار ڈی ایچ اے ایرینا ملتان میں منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد نوجوانوں اور عوام میں ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے پیدا ہونے والے سماجی مسائل کو اجاگر کرنا تھا۔

سیمینار میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (BZU) اور ویمن یونیورسٹی ملتان کے طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد داؤد اور ویمن یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر دیبا شہوار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا رائے عامہ کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ہے، لیکن اس کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے معاشرے میں نفرت، عدم برداشت اور شدت پسندی کے رجحانات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے جعلی خبروں، نفرت انگیز مواد اور گمراہ کن معلومات کے سدباب کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششوں پر زور دیا۔

اس موقع پر منیجر میڈیا سیل برائے انسداد پرتشدد انتہاپسندی، شہر یار نے شرکاء کو پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام اور ڈیجیٹل آگاہی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیمینار کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ شاہد عمران رانجھا اور ڈی جی پی آئی ڈی طاہرہ سید نے شیلڈز تقسیم کیں۔

مقررین نے کہا کہ میڈیا، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کا کردار پرتشدد انتہاپسندی کے خاتمے میں نہایت اہم ہے، اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے مثبت، تعمیری اور ذمہ دارانہ استعمال کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک پُرامن اور برداشت پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

سیمینار کے اختتام پر عزم ظاہر کیا گیا کہ عوامی آگاہی مہمات، تربیتی پروگرامز اور ذمہ دار ڈیجیٹل طرزِ عمل کے فروغ کے ذریعے عدم برداشت اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد مستقبل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے اس نوعیت کے سیمینارز کو مستقبل میں تسلسل کے ساتھ منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image