پاکستان تازہ ترین

کیا جیل سپرنٹنڈنٹ وزیراعلیٰ سے بھی زیادہ طاقتور؟ شفیع جان کا چونکا دینے والا انکشاف

کیا جیل سپرنٹنڈنٹ وزیراعلیٰ سے بھی زیادہ طاقتور؟ شفیع جان کا چونکا دینے والا انکشاف

خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اتنے طاقتور ہیں کہ وزیراعلیٰ کو عمران خان سے ملاقات سے روکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے انکشاف کیا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اس قدر طاقتور ہو چکے ہیں کہ وہ صوبے کے وزیراعلیٰ کو بھی بانیٔ پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات سے روک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال آئین اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اس بات کا واضح طور پر اعلان کر چکے ہیں کہ اگر وفاق خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا چاہتا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کر لے، تاہم سوال یہ ہے کہ صوبے میں ایسے کون سے غیر معمولی حالات پیدا ہو چکے ہیں جن کی بنیاد پر گورنر راج لگانے کی بات کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا وفاق کے ساتھ جتنا ورکنگ ریلیشن شپ ہونا چاہیے، وہ موجود ہے، اس کے باوجود وزیراعلیٰ کو بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کے لیے جانا چاہتے تھے، تاہم انہیں آج جانے سے روک دیا گیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے وزیراعظم سے فون پر ملاقات کرانے کی درخواست بھی کی گئی، لیکن تاحال اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اتنے بااثر ہو چکے ہیں کہ وہ نہ صرف وزیر اعلیٰ کی ملاقات روک رہے ہیں بلکہ آئین پاکستان اور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کو بھی ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔

شفیع جان نے تحریک سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی نے آئندہ لائحہ عمل کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کی جانب سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا، پارٹی اسے تسلیم کرے گی اور اسی کے مطابق آگے بڑھے گی۔

ایک اور اہم انکشاف میں شفیع جان نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں نے جنوری میں پاکستان آنے کا عندیہ دے دیا ہے، جسے انہوں نے پارٹی اور کارکنان کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image