پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں دھند کی شدت، پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش و برفباری کی پیشگوئی
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے کئی حصوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا، جبکہ مری اور اس کے گردونواح میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ کشمیر کے چند علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شمالی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں بھی بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام، باجوڑ، مہمند، کرم اور خیبر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ کوئٹہ اور پشین میں بھی چند مقامات پر برفباری متوقع ہے۔
سندھ میں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو کے علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، جس سے ٹریفک اور آمد و رفت پر اثر پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتیں۔

Leave feedback about this