محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی، ملک کے بیشتر اضلاع میں کڑاکے کی سردی اور دھند کا سلسلہ برقرار
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کئی مقامات پر دھند اور سموگ نے معمولات زندگی متاثر کر رکھے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی، اور اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت کم اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی سرد موسم کے اثرات رہیں گے۔
دھند اور سموگ کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں حدِ نظر کم ہونے کے باعث دھند چھائی رہے گی، جو ٹریفک اور روزمرہ زندگی میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ خاص طور پر لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، ساہیوال، ملتان، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، روہڑی، گھوٹگی، لاڑکانہ، موہنجو داڑو، پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی اور دھند کی موجودہ لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے، لہذا شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ دھند کی وجہ سے حدنظر کم ہونے کی صورت میں موٹر ویز اور اہم سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے ڈرائیورز کو رفتار کم رکھ کر احتیاط سے گاڑی چلانے کی تاکید کی گئی ہے۔
پاکستان میں سردیوں کی بارشوں اور برفباری کے منتظر عوام کے لیے بھی خوشخبری ہے۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں خشک موسم کا خاتمہ اور درجۂ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
معتبر عالمی موسمیاتی ماڈلز کے مطابق آئندہ دنوں میں ایک کے بعد ایک مغربی ہوا کا سلسلہ خطے کی جانب بڑھ سکتا ہے، جو پاکستان کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ بیشتر شہروں میں بارشیں برسائے گا۔ یہ سلسلہ دسمبر کے وسط کے بعد فعال ہونے کی توقع ہے، جو زرعی شعبے کے لیے بھی نہایت اہم سمجھا جارہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ موجودہ ماڈلز اس بات پر متفق دکھائی دے رہے ہیں کہ 18 سے 20 دسمبر 2025 کے دوران ایک مضبوط اور ملک گیر مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہوسکتا ہے، تاہم یہ پیشگوئی طویل المدت ہونے کے باعث روزانہ کی بنیاد پر اس میں ردوبدل ممکن ہے۔

Leave feedback about this