معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے خاموشی توڑ دی، 100 روز بعد مداحوں کو قانونی پیچیدگیوں اور مشکلات سے آگاہ کر دیا
تفصیلات کے مطابق معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے 100 روزہ وقفے کے بعد یوٹیوب پر واپسی کر کے اپنی خاموشی توڑ دی اور مداحوں کو اپنی طویل غیرحاضری کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ حال ہی میں جاری کی گئی ویڈیو نے شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا، جو ان کی وضاحت کے منتظر تھے۔
رہائی کے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے ڈکی بھائی نے جوئے کی ایپس کے کیس میں گرفتاری کے دوران گزارے گئے کٹھن دنوں کا ذکر کیا اور کئی بار آبدیدہ بھی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میرے لیے انتہائی مشکل تھے، جن میں قانونی پیچیدگیاں، عوامی ردِعمل اور شدید تنہائی شامل تھی۔
ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ حراست میں گزارا گیا وقت میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ تھا، جہاں نیند کی کمی، شدید ذہنی دباؤ اور مستقبل کے خوف نے مجھے بری طرح متاثر کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس دوران ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہوئی، لیکن گھر واپسی نے انہیں نئی ہمت اور سکون عطا کیا۔
ڈکی بھائی نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ان کا 23 روزہ ریمانڈ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 23 منٹ میں ہی انہوں نے مکمل تعاون کیا، موبائل، لیپ ٹاپ اور تمام اکاؤنٹس کے پاسورڈ دے دیے، لیکن پھر بھی شدید تشدد اور گالیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
افواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے کئی دعوے بے بنیاد تھے۔ ڈکی بھائی نے خاموش رہنے کی وجہ قانونی کارروائی کو متاثر نہ کرنا بتائی اور کہا کہ اب جبکہ قانونی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، وہ اپنے مداحوں کو اصل صورتِ حال سے آگاہ کرنے کے لیے سامنے آئے ہیں۔
ڈکی بھائی نے اپنے چاہنے والوں کو یقین دلایا کہ وہ دوبارہ کام کا آغاز کرنے کے لیے پُرجوش ہیں اور مزید لگن اور توانائی کے ساتھ نیا مواد بنانے اور آئندہ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Leave feedback about this