پاکستان برا نہیں ہے اور پاکستان کے لوگ بھی کہیں سے بھی برے نہیں ہیں، پتا نہیں کیوں ہمیں پاکستان کے مسلمان ہی خراب لگتے ہیں لیکن دبئی کے مسلمان بہت اچھے لگتے ہیں، جو مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی؛ پوڈکاسٹ میں گفتگو
معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان اور پاکستانی عوام کے حق میں دل کھول کر تعریف کردی۔ اطلاعات کے مطابق ’باتیں دل سے ود نویکا کمار‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میکا سنگھ نے موسیقی، بارڈر پار مداحوں اور پاکستان کے حوالے سے کھل کر بات کی، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر بھارتیوں کو پاکستان کے مسلمانوں سے مسئلہ کیوں ہے جب کہ وہی لوگ دبئی کے مسلمانوں کو بہت اچھا سمجھتے ہیں، جو بات انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ پاکستان برا نہیں ہے اور وہاں کے لوگ بھی کہیں سے برے نہیں ہیں، مجھے پاکستان اور وہاں کے لوگوں سے ہمیشہ انتہائی اچھا برتاؤ ملا ہے، اپنے 2019ء کے دورۂ پاکستان کے دوران میں نے وہاں دیکھا کہ کس طرح مسلمان بھائی سکھوں کے مقدس مقامات بالخصوص گوردواروں کی دیکھ بھال اور صفائی میں بھرپور مدد کرتے ہیں، ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب جیسے مقدس مقامات کی موجودگی پاکستان سے خصوصی وابستگی کی بڑی وجہ ہے۔
پاکستانی فنکاروں کے بھارت آنے اور بھارتی فنکاروں کے پاکستان میں پرفارم کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’اس معاملے کو لازمی طور پر سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے‘، یاد رہے کہ میکا سنگھ نے اگست 2019ء میں کراچی کی ایک شادی میں پرفارم کیا تھا، جس پر پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور بعد میں معذرت کرنے پر ان پر سے پابندی ختم کر دی گئی تھی۔
