سعودی عرب میں غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 14 ہزار سے زائد گرفتار، 12 ہزار 613 غیرملکی ملک بدر
ریاض: سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری ملک گیر مہم کے دوران ایک ہفتے کے اندر 14 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 12 ہزار 613 غیرملکیوں کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا۔
سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 23 سے 29 جولائی کے دوران مختلف سرکاری اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے ملک بھر میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران مجموعی طور پر 14 ہزار 154 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 7 ہزار 103 افراد اقامہ قوانین، 3 ہزار 397 افراد لیبر قوانین اور 3 ہزار 654 افراد سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں 12 ہزار 613 غیرملکیوں کو تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا، جبکہ 30 ہزار 679 افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
بیان کے مطابق زیرِ کارروائی افراد میں سے 17 ہزار 903 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے متعلقہ سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا ہے، جبکہ 5 ہزار 424 افراد کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ وزارت نے تمام رہائشیوں، کارکنوں اور آجر حضرات پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

Leave feedback about this