وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے اور اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرکے سیاسی شعور اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیدواروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے انتخابی مہم میں سخت محنت کی، جس پر وہ انہیں شاباش دیتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انتخابی عمل کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جبکہ دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے نتائج بھی موصول ہو رہے ہیں۔

Leave feedback about this