محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے بعض بالائی علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سوات، چترال اور دیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق ہری پور، وزیرستان اور کرم کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جس سے مقامی سطح پر موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔

Leave feedback about this