پاکستان تازہ ترین دنیا

بھارت نے سلال ڈیم کھول دیا، دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

بھارت نے سلال ڈیم کھول دیا، دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

بھارت کی جانب سے سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس کھولنے کے اعلان کے بعد پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دریائے چناب میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق بھارتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ دریائے چناب پر واقع سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس 21 مئی سے 30 مئی تک ذخائر سے گاد (silt flushing) نکالنے کے لیے کھولے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس ریاسی، جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ عمل 21 مئی صبح 9 بجے سے شروع ہو کر 30 مئی تک جاری رہے گا۔

دریائے چناب پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ دریاؤں میں سے ایک ہے، اور ماضی میں مون سون کے دوران بھارت کی جانب سے اضافی پانی کے اخراج سے پاکستان کے مشرقی پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے چناب کی سطح میں اچانک 2 سے 3 میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے خاص طور پر مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانی کے اچانک اخراج اور بھاری تلچھٹ کے باعث دریائی بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلیاں آسکتی ہیں، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

محکمہ آبپاشی کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے، نہری اخراج کو منظم رکھا جائے اور بیراجز کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔

یہ الرٹ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملہ تعینات رکھا جائے تاکہ بروقت رابطہ، امدادی کارروائیوں اور انخلا کے منصوبوں پر فوری عمل کیا جا سکے۔

مزید کہا گیا ہے کہ حساس مقامات پر ہیوی مشینری کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بندش یا شگاف کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی ممکن ہو۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان نے 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں انڈس واٹرز ٹریٹی پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک کو دریائی پانی کی تقسیم اور معلومات کے تبادلے کا پابند بنایا گیا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں اس معاہدے سے متعلق تنازعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image