وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی اور آسان قرضہ اسکیموں سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ’وزیر اعظم یوتھ پروگرام‘ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اس کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور آئندہ برس کیلیے نئے منصوبوں کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع دینے کیلیے پُرعزم ہے، ان کو آئی ٹی و دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت کیلیے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت آئی ٹی عالمی تقاضوں کے مطابق جامع لائحہ عمل پیش کریں، وزیر اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کیلیے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی بنانا ہوں گے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے نوجوانوں کو کاروبار کیلیے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلیے وزارت صنعت سے تعاون کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس کو پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارگردگی پر بریفنگ دی گئی۔

Leave feedback about this