ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں فضائی حدود کو مرحلہ وار دوبارہ کھولا جا رہا ہے، جس کے تحت ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بجے سے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ مشرقی فضائی راستوں پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے، جس کے بعد حالیہ تعطل کا شکار ایرانی فضائی نظام دوبارہ عالمی فضائی ٹریفک کے لیے کھل گیا ہے۔
ایرانی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، اور اس عمل کا انحصار تکنیکی تیاریوں کے ساتھ ساتھ عسکری اور سول ایوی ایشن اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی پر ہوگا۔
حکام کے مطابق مسافروں کے لیے فضائی خدمات بتدریج معمول پر آنے کی توقع ہے، جبکہ نظام کی مکمل بحالی کے لیے محتاط حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے اس پیش رفت کو فضائی ٹریفک کی معمول پر واپسی کی جانب ایک اہم اور محتاط قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنز کی بحالی میں حفاظت اور مکمل تیاری کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

Leave feedback about this