محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے اور اس کے اثرات مختلف علاقوں میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں آج بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں بھی ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق یہ بارشیں آج سے 29 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں۔
لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے، تاہم رواں ہفتے کے دوران بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی 63 فیصد متوقع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں بارش سے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچ گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے دوران حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند تربت-بلیدہ روڈ دوبارہ کھول دیا گیا، رودبن کے مقام پر رابطہ پل جزوی طور پر متاثر ہوا، اور تمپ، ہوشاب اور بلیدہ میں بجلی کے کھمبے بھی نقصان پہنچے۔

Leave feedback about this