این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 31 مارچ تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کر دی ہے اور متعلقہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 31 مارچ تک ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور وسطی و جنوبی پنجاب میں 25 اور 26 مارچ کو بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب میں 28 سے 30 مارچ تک بارش کے ساتھ ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی 28 سے 30 مارچ تک شدید بارشوں کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان میں آج سے 29 مارچ تک بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ میں 25 سے 26 اور پھر 28 سے 29 مارچ تک بارش اور آندھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی سے کمزور تعمیرات، درخت اور بجلی کی لائنیں متاثر ہو سکتی ہیں، لہٰذا شہریوں سے ہدایت ہے کہ احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔

Leave feedback about this