پاکستان اور برطانیہ میں مقیم ہم وطنوں کے لیے خوشخبری ہے کہ پی آئی اے نے 6 سال بعد لندن کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پروازیں رواں ماہ بحال کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے اسلام آباد سے ہفتہ وار تین جبکہ لاہور سے ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔ لندن کے لیے پروازوں میں بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے، اور تمام پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔
پی آئی اے 29 مارچ کو اسلام آباد سے لندن کے لیے پہلی پرواز روانہ کرے گی، جبکہ 30 مارچ سے لاہور سے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن روٹ سے قومی ایئرلائن کا 70 سال سے زائد پرانا تعلق ہے اور یہ اس کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے۔ نئی پروازوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ 2020 میں پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلا رہی تھی، اور اب ان پروازوں میں بتدریج مزید اضافہ کرنے کا بھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this