تفتان: ایران میں اسرائیل اور امریکا کے حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
اتوار کو ایران سے 70 سے زائد پاکستانی بلوچستان کے ساحلی شہروں گوادر اور تفتان پہنچ گئے۔ ان میں سے 51 افراد چابہار کے راستے گوادر پہنچے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ یہ لوگ گبد-رمضان سرحد عبور کرنے کے بعد گوادر پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ واپس آنے والوں میں پانچ طلباء، تاجر اور سیاح شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نے کہا کہ واپس آنے والوں کو سرحد پر ایف آئی اے کی جانب سے 24 گھنٹے امیگریشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے واپس آنے والے افراد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رہائش، خوراک اور سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے پانچ اضلاع ایران کی سرحد سے ملتے ہیں جن میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور تربت شامل ہیں۔
ان اضلاع میں سے پاکستان اور ایران کو پاسپورٹ کے ذریعے چاغی میں تفتان اور گوادر کے گبد رمضان پوائنٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔
تفتان میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 19 طلباء ایران سے ایرانی شہر میر جاوا کے راستے تفتان پہنچے۔ ان میں زاہدان میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء بھی شامل ہیں۔

Leave feedback about this