امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی میں واضح ہونے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
برطانوی خام تیل کی قیمت میں 62 سینٹ کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہ 71 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 37 سینٹ اضافے کے بعد 66.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کیا کہ ایران پر ممکنہ حملے سے متعلق خبریں غلط ہیں اور ایرانی عوام کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران ڈیل نہ کرے تو انہیں بہت برا اثر ہوگا، تاہم جنرل ڈینیئل سے منسوب ایران پر حملے کی خبریں جعلی ہیں۔
ادھر، امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے بھی خبردار کیا کہ ایران کے پاس متعدد بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو طویل اور کم فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امریکی اڈوں اور فوجیوں کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں رجیم چینج کے لیے لوگوں کی مدد کرنے میں خطرہ کم ہے، مگر موجودہ نظام خطے میں استحکام کے لیے رکاوٹ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر سکتی ہے اور اس کا اثر عالمی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔
