قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیرقانونی طریقے سے ایران جانے کی کوشش کرنے والے 50 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کے مطابق یہ افغان شہری تربت سے گرفتار کیے گئے اور انہیں بعد ازاں پاک افغان سرحد پر افغان حکام کے حوالے کردیا گیا۔گرفتار افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جو پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تھے اور ایران منتقل ہونے کی کوششوں میں مصروف تھے۔ حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑے آپریشن کا حصہ ہے۔
دو روز قبل بھی ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، جس میں اے ایچ ٹی سی کوئٹہ نے سب ایجنٹ عرفان کو گرفتار کیا تھا۔ اس دوران 8 افغان باشندے بھی تحویل میں لیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عرفان انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کردار ادا کر رہا تھا، جبکہ مرکزی ملزمان گل بدین اور غمائی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
مزید برآں، ملزم عرفان کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں، جو انسانی اسمگلنگ کی منصوبہ بندی اور روابط کو ظاہر کرتے ہیں۔ پولیس اور ایف آئی اے نے کہا ہے کہ اسمگلروں کے خلاف کارروائی اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے، تاکہ غیر قانونی نقل مکانی اور انسانی اسمگلنگ کے جال کو ختم کیا جا سکے۔
