انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کا سپر 8 مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے، اور پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کو بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا، جس کے باعث میچ پر بھی غیر یقینی صورتحال کا سایہ ہے۔ کولمبو میں آج بارش کا 74 فیصد امکان ہے اور تیز ہواؤں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے سبب اگر دونوں ٹیمیں فی اننگز کم از کم 5 اوورز بھی نہ کھیل سکیں تو میچ منسوخ ہو جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔
سپر 8 کے مرحلے میں پاکستان کے اگلے دو میچز انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف 24 اور 28 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ہم چھ ماہ سے اسی کی تیاری کر رہے ہیں، کھلاڑی پُر اعتماد ہیں اور تیاری مکمل ہے۔ ہمیں اچھے نتائج کی امید ہے۔‘‘
شائقین کے لیے یہ میچ نہ صرف ٹیموں کے لیے بلکہ کھیل کی غیر یقینی صورتحال کے باعث بھی بہت دلچسپی کا باعث ہے۔ بارش اور ہواؤں کے درمیان یہ معرکہ دیکھنے کے لیے کرکٹ مداح بیتاب ہیں۔

Leave feedback about this