پاکستان میں رمضان المبارک 1447ھ کا چاندنظر آگیا،پہلا روزہ کل(جمعرات) ہوگا۔
رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔
ماہ رمضان کے چاند کی رویت کا اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کیا۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔
سعودی عرب سمیت عرب اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کے اعلان کے بعد مکہ مکرمہ میں رمضان کی پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران لاکھوں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔
اس سے قبل ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو 5 شہادتیں موصول ہوئی ہیں، شہادتیں اپر دیر سے موصول ہوئی ہیں۔
اسی طرح ضلع مہمند سے بھی 6 شہادتیں زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو موصول ہوئی ہیں۔
اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہیں۔
ترجمان سپارکو کا کہنا تھا کہ چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے، آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔ آج آنکھ سے چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ چاند 5 بج کر 54 منٹ پر طلوع ہوگا اور 6 بج کر 52 منٹ تک دیکھا جا سکے گا، لاہور اور گرد و نواح میں بادلوں کے باعث چاند نظر آنے کا امکان کم ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں مطلع صاف رہنے کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت عرب اور خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کے اعلان کے بعد مکہ مکرمہ میں رمضان کی پہلی تراویح ادا کی گئی، اس دوران لاکھوں زائرین، نمازیوں کا روح پرور اجتماع دیکھنے کو ملا۔

Leave feedback about this