راولپنڈی: چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے سب کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشال ملک نے کہا کہ پاکستان نے حق کی جنگ میں بھارت کو تاریخی شکست دی ہے جب کہ کشمیری عوام 10 لاکھ سے زائد بھارتی افواج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتی فورسز کشمیری بچوں پر بیلٹ گن استعمال کر رہی ہیں اور بھارت خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ افضل گورو کو بغیر ثبوت کے پھانسی دی گئی جس کا مقصد بھارتی عوام کو خوش کرنا تھا۔
مشال ملک کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق کشمیری کاز کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں بھی عوامی رابطہ مہم شروع کی گئی ہے۔
بھارت پر آبی جارحیت کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اب تک کئی ڈیم بنا چکا ہے جس سے خطے میں سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

Leave feedback about this