لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے کمنٹری پینل کی فہرست جاری کردی۔ پینل میں سابق کرکٹ گریٹ اور موجودہ اسٹارز شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے اور اس کی کمنٹری کرنے والی ٹیم میں عالمی شہرت یافتہ نام شامل ہیں جن میں روی شاستری، ناصر حسین، ایان اسمتھ اور ایان بشپ شامل ہیں،کمنٹری پینل میں پاکستان کے چار سابق کھلاڑی شامل ہوں گے جن میں وسیم اکرم، وقار یونس، بازید خان اور رمیز راجہ شامل ہیں۔ دیگر بین الاقوامی کرکٹرز جو کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے ان میں ایرون فنچ، دنیش کارتک، کمار سنگاکارا، سیموئل بدری، رابن اتھپا اور کارلوس براتھویٹ شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ کھلاڑی اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے کپتان ٹیمبا باوما بھی ورلڈ کپ میں کمنٹری کریں گے،اس کے ساتھ 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح اینجلو میتھیوز بھی اس کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے اور یہ دونوں پہلی بار ورلڈ کپ کے دوران اپنے تبصرے دیں گے۔
