پاکستان تازہ ترین

دورانِ عمرہ ٹیٹوز پر تنقید، توثیق حیدر کا مؤقف سامنے آ گیا

دورانِ عمرہ ٹیٹوز پر تنقید، توثیق حیدر کا مؤقف سامنے آ گیا

پاکستانی ٹیلی وژن کے معروف اناؤنسر، میزبان اور اداکار توثیق حیدر نے عمرے کی ادائیگی کے دوران جسم پر موجود ٹیٹوز پر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔

انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اس معاملے پر کھل کر بات کی اور اپنے عمرے کے سفر کے تجربات بھی شیئر کیے۔

توثیق حیدر کا شمار پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر اور مقبول چہروں میں ہوتا ہے، انہوں نے 90ء کی دہائی کے اوائل میں پی ٹی وی کے لائیو مارننگ شوز کے ذریعے شہرت حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور ترک ڈرامہ سیریز میں عتیقہ اوڈھو کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

دسمبر 2025ء میں توثیق حیدر کو اس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنی ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کے جسم پر موجود ٹیٹوز نمایاں تھے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے توثیق حیدر نے کہا کہ کی بورڈ کے پیچھے بیٹھا شخص خود کو ہر بات کہنے کا مجاز سمجھتا ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ سامنے والا جواب نہیں دے سکتا، میں نے 2 ماہ قبل عمرہ ادا کیا، یہ ایک شاندار اور روحانی تجربہ تھا، جس سے میں نے بھرپور لطف اٹھایا، میرا ماننا ہے کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ مجھ سے میرے ٹیٹوز کی وجہ سے ناراض ہوتے تو وہ مجھے اپنے گھر بلاتے ہی نہیں، اس لیے میں نے ان باتوں پر دھیان نہیں دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میرے مینیجر نے تنقیدی اور نازیبا تبصروں کے بارے میں آگاہ کیا اور پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کا مشورہ دیا، جس پر میں نے انکار کیا اور کہا کہ میں اس پورے تجربے سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، لوگوں نے ناصرف تنقید کی بلکہ کئی افراد میرے حق میں بھی سامنے آئے۔

عمرے کے سفر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا عمرہ تھا، میں پچھلے 10 سال سے اس کی منصوبہ بندی کر رہا تھا مگر کسی نہ کسی وجہ سے نہیں جا سکا، میں دنیا بھر میں سفر کرتا ہوں، 4 گھنٹے کا سفر ہے، مالی مسائل بھی نہیں تھے، لیکن پھر بھی بات نہیں بن پائی، اب مجھے سچے دل سے یقین ہو گیا ہے کہ اللّٰہ اپنے وقت پر ہی بلاتا ہے، آپ جتنی مرضی منصوبہ بندی کر لیں، جانا تب ہی نصیب ہوتا ہے جب اللّٰہ چاہے۔

توثیق حیدر نے یہ بھی بتایا کہ میں رات 1 بجے حرم شریف پہنچا، جہاں اس وقت بھی غیر معمولی رش تھا، میں نے عمرہ ادا کیا، تمام مناسک مکمل کیے اور ویڈیو بنائی، یہ ایک ناقابلِ بیان تجربہ تھا، پہلے میں لوگوں کی بات پر ہنسا کرتا تھا کہ خانہ کعبہ دیکھنے کے بعد دوبارہ جانے کی تڑپ لگ جاتی ہے، مگر اب وہی کیفیت میرے ساتھ ہو رہی ہے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image