پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا جس پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں رات تقریباً 10:30 بجے آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو چاروں طرف سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک سانحہ گل پلازہ میں 65 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 80 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
علاوہ ازیں، گل پلازہ کی تمام 1200 دکانیں، عمارت اور ان میں موجود سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکا ہے جب کہ لوگ اب بھی اپنے پیاروں کی باقیات کی تلاش میں ہیں اور آئے روز دل دہلا دینے والی کہانیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
گزشتہ روزپی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے مالک اور نجی ٹی وی چینل کے سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے گل پلازہ کے متاثرین کے لیے قرض کا اعلان کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کا سانحہ تمام پاکستانیوں کا سانحہ ہے، اور سانحہ میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، میں نے خود کئی خواتین سے ملاقاتیں کی جو اپنے کاروبار کے ذریعےاپنے گھروں کو چلا رہی تھیں۔

Leave feedback about this