دنیا موسم

افغانستان میں بارشوں، برفباری سے نظام زندگی مفلوج، 61 افراد لقمہ اجل بن گئے

افغانستان میں بارشوں، برفباری سے نظام زندگی مفلوج، 61 افراد لقمہ اجل بن گئے

افغانستان میں سردی کی شدت میں معمول سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، طوفانی بارشوں اور برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، ٹھنڈ کی شدت کے باعث 61 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ 100 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

خبرایجنسی کے مطابق افغان صوبے پروان، وردک،جنوبی قندھار، شمالی جوزجان ، فاریاب اور وسطی بامیان سمیت دیگر علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔

افغان حکام نے بتایا کہ کم از کم 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں جبکہ شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خدشات کے باعث اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، لائیو اسٹاک کا بھی نقصان ہوا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے افغانستان کے بعض حصوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، جس سے مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ قدرتی آفت ایسے وقت میں آئی ہے جب افغانستان پہلے ہی شدید انسانی بحران کا شکار ہے، جہاں لاکھوں افراد معاشی بدحالی، خوراک کی قلت اور بنیادی سہولیات تک محدود رسائی کے باعث امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد طالبان حکومت کے دور میں سردیوں کا یہ دوسرا موسم ہے جہاں بیرونی امداد میں ڈرامائی انداز میں کمی آئی ہے جبکہ امریکا نے کئی اہم ریاستی اثاثے بھی منجمد کردیے ہیں۔

افغانستان جنگ سے نکلنے کے بعد شدید معاشی بحران کا شکار ہے جہاں اقوام متحدہ سمیت دیگر کئی فلاحی ادارے دنیا کے بدترین انسانی بحران کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں، امدادی اداروں کے مطابق افغانستان کی 3 کروڑ 80 لاکھ یعنی آبادی کے نصف حصے کو بھوک کا سامنا ہے اور تقریباً 40 لاکھ بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ افغانستان میں کام کرنے والی کئی این جی اوز نے طالبان کی حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد کیے جانے کے خلاف احتجاج کے طور صحت کے علاوہ دیگر شعبوں میں اپنی امدادی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔

 

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image